جماعت اسلامی کاصفائی کی ابترصورتحال کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

January 18, 2021

لاہور(نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی لاہور نے شہر میں صفائی کی ابتر صورتحال کے خلاف سکیم موڑ بھوگیوال پر احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔احتجاجی مظاہرے کی قیادت امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کی۔احتجاجی مظاہرے میں ترجمان جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف، نائب امیر جماعت اسلامی و کنوئینر شہری مسائل کمیٹی چوہدری محمود الاحد،امیر شمالی لاہور سیف الرحمن، زاہد شباب بٹ، صہیب شریف، احمد سلمان بلوچ اوردیگر رہنمائوں نے شرکت کی ۔ اور انتظامیہ اور اداروں کی نااہلی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ شہر میں جگہ گندگی کے ڈھیر حکمرانوں کی ہفتہ صفائی مہم کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔حکمرانوں کی ہفتہ صفائی مہم کے باوجود 10 ہزار ٹن کوڑا شہر کی شاہراہوں، سڑکوں، چوراہوں اور گلی محلوں میں بدستور موجود ہیں۔انتظامیہ اور حکمرانوں کی کارکردگی بیان بازی اور دعووں تک محدود ہوکررہ گئی ہے۔انتظامیہ اور اداروں کی نااہلی اور بے حسی کی وجہ سے شہر گندگی اور کوڑے کا ڈھیر بن چکا ہے۔پھولوں کے شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ان حکمرانوں کے دعوئوں کا مذاق اڑارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر میں گندگی سے اٹھنے والا اٹھنے والا تعفن مختلف امراض کا باعث بن رہا ہے۔صفائی کا انتظام بہتر بنانے کیلئے کوئی بھی ادارہ اپنا کام صحیح طور پر انجام نہیں دے رہا ہے۔امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد اور دیگر قائدین نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ شہر لاہور کو گندگی اور تعفن سے پاک کرنے کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کی جائے ۔جماعت اسلامی شہر کی صفائی اور لاہوریوں کے مسائل کے حل تک " اب جاگ میرے لاہور" تحریک جاری رکھے گی۔اگر شہر کو صاف کرنے کیلئے فی الفور اقدامات نہ کیے گئے تو آئندہ چندہ دنوں میں انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی عمارتوں کا گھیراؤ کریں گے۔