عمران خان کو بی جے پی کے اندر جیت نے فنڈنگ کی، مریم نواز کا الزام

January 19, 2021

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے الزام لگایا ہے کہ عمران خان کو بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے اندرجیت نے فنڈنگ کی۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر احتجاجی جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ چور چور کی گردان کرنے والا خود چور نکلا، عمران خان کو بھارت اور اسرائیل نے پیسہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ موقف بدلنا تو ان کا طریقہ ہے، اسی لیے یوٹرن خان کہلاتے ہیں، اسٹیٹ بینک نے ان کے 23 خفیہ اکاؤنٹس پکڑے ہیں۔

ن لیگی نائب صدر نے وزیراعظم کو مخالف کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے لوگوں سے فنڈ لوگے تو نریندر مودی کی کامیابی کی دعائیں ہی مانگی جائیں گی۔


ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا کیس دنوں میں ختم کیا گیا جب کہ فارن فنڈنگ میں الیکشن کمیشن نے 7 سالوں میں صرف 70سماعت کیں۔

مریم نواز نے کہا کہ 70 سماعتوں کے دوران عمران خان نے اس مقدمے کو ملتوی کرانے کی 30 بار کوشش کی، اگر انہوں نے چوری نہیں کی تو اتنی بار سماعت ملتوی کی درخواست کیوں کی؟

انہوں نے مزید کہا کہ 3 سال سے قائم اسکروٹنی کمیٹی بھی حکمرانوں کی تابعدار بن گئی ہے، عمران کان نے 24 بار کارروائی روکنے کی کوشش کی، 4 درخواستیں کارروائی خفیہ رکھنے کےلیے دی گئی۔

ن لیگی نائب صدر نے یہ بھی کہا کہ چوری تو ہوئی ہے بلکہ بہت بڑی چوری ہوئی ہے، پانی کی طرح پیسہ بہایا گیا تو تمہیں پتہ نہیں تھا کہ پیسہ کہاں سے آیا؟

ان کا کہنا تھا کہ جب پوچھا گیا تو یاد آیا کہ پیسہ ایجنسی کے ذریعے آیا، وہی پیسہ ن لیگ کی منتخب حکومت کو گرانے میں استعمال کیا گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ ان کی عوام کی خدمت کی تیاری نہیں تھی لیکن لوٹنے کی پوری تیاری تھی، پاکستان کے عوام جمہوریت کے لیے کھڑی ہوگئی، عوام کو بتاؤ کے تمہیں ووٹ دینے والے کون تھے؟

انہوں نے کہاکہ جب آر ٹی ایس بند کیا گیا تو الیکشن کمیشن نے کیوں نوٹس نہیں لیا، عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈال کر نااہل، نالائق شخص کو حکمراں بنایا گیا تو الیکشن کمیشن کیوں نہیں بولا، الیکشن کمیشن کی ناکامی اور خاموشی کی سزا عوام بھگت رہے ہیں۔

ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری، مہنگی دوا اور پٹرول بم گرائے گئے ان جرائم میں الیکشن کمیشن بھی شریک ہے، چیف الیکشن کمشنر کو بتانا ہے کہ ان کا ادارہ آئینی اور پاکستانی قوم کا ادارہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلی کے شرکا کو کہیں غلط فہمی تو نہیں ہوئی کہ لانگ مارچ آج ہے، یہ ریلی ہے تو سن لو، جس دن عوام لانگ مارچ کے لیے پہنچی تو کیا حال ہوگا۔