ڈیجیٹل بینکنگ کی مقبولیت، HSBC کا 82 برانچیں بند کرنے کا فیصلہ

January 21, 2021

لندن (جنگ نیوز) ڈیجیٹل بینکنگ کی مقبولیت کے سبب ایچ ایس بی سی نے ملک بھر میں رواں برس اپریل سے ستمبر تک82برانچیں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد اس کی51برانچیں رہ جائیں گی، منیجرز نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ بند ہونے والی برانچوں کے عملہ کو فارغ کرنے کی بجائے قریبی برانچوں میں کھپایا جائے گا۔ برانچوں کی بندش کے خلاف مہم چلانے والوں کا کہنا ہے کہ بعض افراد جنہیں نقد رقم درکار ہوتی ہے،یا جوبنک کے عملہ سے مل کر معاملات طے کرنے چاہتے ہیں اور چھوٹے بزنسزوالوں کو اس فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے۔ ایچ ایس بی سی کا کہنا ہے کہ جن برانچوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان کے ایک میل کے فاصلے میں پوسٹ آفس موجود ہے، جہاں سے صارفین اپنی ضروریات پوری کرسکتے ہیں۔ ایچ ایس بی سی کی یوکے میں سربراہ سر جیکی اوہی نے کہا ہے کہ گزشتہ پانچ برس میں برانچ آنے والے صارفین کی تعداد میں ایک تہائی کمی واقع ہوئی ہے اور اس قسم کے اقدامات کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی، تاہم وبا کے سبب اس پر جلد عمل درآمد کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ90فیصد صارفین پہلے ہی فون، انٹر نیٹ اور اسمارٹ فون کے ذریعے سروسز استعمال کررہے ہیں۔