عثمان بزدار نے ماں، 4 بچوں کے قتل کا نوٹس لے لیا

January 21, 2021

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی جانب سے گوجرانوالہ کے گھر سےماں اور اس کے 4 بچوں کی لاشیں ملنے کے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے گوجرانوالہ میں پیش آنے والے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

سردار عثمان بزدار کا واقعے سے متعلق ہدایت جاری کرتے ہوئے کہنا ہے کہ قتل میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

واضح رہے کہ پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ کے علاقے ڈوگرانوالہ میں واقع ایک گھر سے 1 خاتون اور اس کے 4 بچوں کی لاشیں ملی تھیں۔

گوجرانوالہ پولیس کے مطابق ڈوگرانوالہ کی رہائشی خاتون اور اس کے بچوں کو سر پر وار کر کے قتل کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی گئی فوزیہ نامی خاتون بچوں سمیت 10 سال سے یہاں رہائش پذیر تھی۔

پولیس نے بتایا ہے کہ واقعے کے وقت خاتون کا شوہر گھر پر موجود نہیں تھا۔

گھر سے 5 لاشیں ملنے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔