بیلجیئم میں سفارتخانہ پاکستان 28 جنوری کو آن لائن کھلی کچہری منعقد کرے گا

January 22, 2021

بیلجیئم اور لکسمبرگ کی پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ برسلز میں موجود سفارت خانہ پاکستان 28 جنوری کو آن لائن کھلی کچہری منعقد کرے گا۔

اس بات کا اعلان بیلجیئم لکسمبرگ اور یورپین یونین کیلئے سفیر پاکستان ظہیر اسلم جنجوعہ نے پاکستانی کمیونٹی کے نام اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی ہدایت پر بیلجئیم اور لکسمبرگ میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی کی شکایات سے آگاہی، ان کے تدارک اور آپ کی رائے سے خدمات میں مزید بہتری کیلئے کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔

اس سلسلے کی پہلی کھلی کچہری 28 جنوری بروز جمعرات مقامی وقت کے مطابق 3 بجے منعقد ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مقامی حکومت کی ہدایات کے مطابق کورونا وائرس کے باعث یہ کچہری آن لائن منعقد کی جارہی ہے۔

جیسے ہی عوامی اجتماعات پر پابندی ختم ہوگی تو ان کا سلسلہ سفارت خانے کے اندر شروع کردیا جائیگا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ بیلجیئم اور لکسمبرگ میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی اس میں بھر پور شرکت کرے گی۔

قبل ازیں انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام کے آغاز میں کمیونٹی کو نئے سال کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نیا سال پاکستان اور تمام پاکستانیوں کیلئے خوشحالی، ترقی اور امن کا پیغام لائے۔