’ڈی ایچ اے مافیا کلب‘ گاڑی پکڑی گئی، گارڈز زیر حراست، اسلحہ ضبط

January 23, 2021

کراچی (ٹی وی رپورٹ،اسٹاف رپورٹر) کلفٹن2تلوارکے قریبقانون نافذ کرنے والے اداروں کے مخصوص رنگ کی گاڑی پکڑی گئی ہے جس پر ’ڈی ایچ اے مافیا کلب‘ کی فینسی نمبر پلیٹ بھی لگی ہے۔سوشل میڈیا پر اس گاڑی کی تصویر وائرل ہوئی تھی جس پر جدید ہتھیاروں سے لیس سیکیورٹی گارڈز بھی دکھائے گئے اور سوشل میڈیا پر یہ چیلنج ٹرینڈ بن گیا تھا کہ کوئی ان گاڑی والوں کو پکڑ کر دکھائے۔ کلفٹن پولیس کے مطابق چیکنگ کے دوران اس گاڑی کو تحویل میں لیا گیا۔ گاڑی میں موجود سیکیورٹی گارڈز کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کے مطابق سیکیورٹی گارڈز کے پاس اسلحے کے لائسنس نہیں تھے، دریافت کرنے پر تسلی بخش جواب نہ ملنے پر سیکیورٹی گارڈز کو حراست میں لیا گیا اور ان کا اسلحہ بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔فینسی نمبر پلیٹ پر گاڑی کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کی گئی ہے۔پولیس نے کلفٹن2تلوارکے قریب کاررروائی کے دوران جد ید ہتھیاروں سے لیس (ڈی ایچ اے مافیا)کے3کارند وں کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے ،تاہم ملزمان کاکریمنل ریکارڈ سامنے نہیں آسکا۔ تفصیلات کے مطابق کلفٹن پولیس نے 2تلوار کے قریب تیز رفتار جیپ میں سوار3 ملزمان وقارحسین،شہزاد اورجان محمدفراد کو گرفتار کر لیا، پولیس کے مطابق ، جیپ کے پیچھے( ڈی ایچ اے مافیا ) نام کی پلیٹ لگی ہوئی تھی،پولیس کے مطابق ملزمان پوش علاقے میں دہشت پھیلانے کے لیے گشت کررہے تھے، ملزمان نے ڈی ایچ اے مافیاکلب نے نام سے گروہ بنایاہواہے،گروہ میں قیمتی گاڑیوں کے مالکان کو بھی شامل کیاجاتاہے،گروہ کامقصدپوش علاقے میں خوف وہراس پھیلانا ہے، ملزمان کاگروہ پوش علاقے میں گاڑیوں کی ریس بھی کراتاہے،پولیس کا کہنا ہےکہ گروہ میں شامل افراد سوشل میڈیاپربھی ڈی ایچ اے مافیاکلب کے نام سے متحرک ہیں، پولیس نے گرفتارملزم کے خلاف غیرقانونی اسلحے کی دفعہ کے تحت مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ۔