بجلی اور پٹرول مہنگا ہونے سے کاروبار ختم ہوچکا ، مجیب الرحمٰن

January 24, 2021

پشاور (وقائع نگار) تاجر اتحاد کے صدر مجیب الرحمٰن کی قیادت میں اضاخیل ڈرائی پورٹ نوشہرہ میں کسٹم اہلکاروں کے روئیے کے خلاف اجلاس ہوا جس میں مختلف بازاروں کے صدور سردار حسین ‘زبیر گل ‘محمد شاہ ‘نسیم گل ‘فیروزشاہ ‘خرم منظور اور دیگر تاجروں نے شرکت کی ۔مجیب ا لر حمٰن نے کہا کہ ہر روز مہنگائی اور بےروزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے اور عوام کی قوت خرید ختم ہو چکی ہے اپوزیشن اپنے جلسوں میں مصروف ہے لیکن خیبر پختونخوا کے عوام اور تاجرحکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پریشان ہیں ۔بجلی اور پٹرول مہنگا ہونے کی وجہ سے کاروبار ختم ہوچکا ہے ۔پشاور ڈرائی پورٹ کی منتقلی پر تاجر وں اور امپورٹرز کو تحفظات ہیں کیونکہ پشاور ڈرائی پورٹ ختم ہونے سے ہزارو ں مزدور اور تاجر متاثر ہونگے ۔چھوٹے امپورٹرز کو اضاخیل ڈرائی پورٹ سے مال لانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہوگا ۔کسٹم اہلکاروں کا تاجروں کے ساتھ رویہ نامناسب ہے ۔پشاور ڈرائی پورٹ دوبارہ شروع کیا جائے۔