نئے قبرستانوں کیلئے 60 ایکڑ اراضی مختص کی ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی

January 26, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ شہر میں نئے قبرستان قائم کرنے کے لئے 60 ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے، قبرستان مافیا سے نجات حاصل کرنے کے لئے مینجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دے رہے ہیں سماجی و رفاعی ادارے ماڈل قبرستانوں کے قیام میں تعاون کیلئے تیار ہیں، شہر میں موجودہ اور نئے قبرستانوں کو ہر قسم کے تجاوزات اور بے ضابطگی سے محفوظ رکھنے کے لئے جو بھی قدم اٹھانا پڑا ضرور اٹھائیں گے، یہ بات انہوں نے حکومت سندھ کے محکمہ استعمال اراضی (لینڈ یوٹی لائزیشن ڈپارٹمنٹ) کی جانب سے ضلع غربی کراچی کے دیہہ مواچھ اور دیہہ ماڑی پور میں دو نئے قبرستانوں کے لئے 55 ایکڑ اور 5 ایکڑ اراضی مختص کرنے کے اقدام کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، انہوں نے کہ قبرستانوں کے لئے مختص کی جانے والی اراضی کسی دوسرے مقصد کے لئے استعمال نہیں ہوسکے گی، دیہہ مواچھ اوردیہہ ماڑی پور میں ان قبرستانوں کی دیکھ بھال، تجاوزات کی روک تھام کا بندو بست اور قبروں کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے گا