کراچی ٹیسٹ: فواد عالم نے ڈوبتی بیٹنگ لائن بچالی، جنوبی افریقہ کیخلاف سینچری

January 27, 2021

پاکستانی مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم نے ٹیم کی ڈوبتی بیٹنگ لائن بچاتے ہوئے جنوبی افریقہ کے خلاف مشکل حالات میں سنچری اسکور کرلی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف جاری سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران فواد عالم نے چھکا لگا کر اپنی سنچری بنائی اور ایک مرتبہ پھر اپنی پرفارمنس کا ثبوت دے دیا۔

جنوبی افریقہ کے پہلی اننگز کے اسکور 220 کے آگے قومی ٹیم 27 کے مجموعے پر ہی 4 کھلاڑیوں سے محروم ہوگئی تھی۔

ایسے میں فواد عالم سابق کپتان اظہر علی کا ساتھ دینے کریز پر آئے اور ٹیم کے اہم 94 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔

اظہر علی کے بعد انھوں نے پہلے محمد رضوان کے ساتھ 55 رنز کی شراکت بنائی اور پھر فہیم اشرف کے ساتھ انھوں نے سنچری پارٹنرشپ بناڈالی۔

فواد عالم نے چھکا لگا کر اپنی سنچری بنائی اور اپنے روایتی انداز خوشی بھی منائی، یہ فواد کی تیسری اور اپنے ہوم گراؤنڈ میں پہلی ٹیسٹ سنچری تھی۔

یہ فواد عالم کی پاکستانی سرزمین پر پہلی اننگز اور پہلی ہی ٹیسٹ سنچری ہے، گو کہ اس سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کے میدان پر وہ دس فرسٹ کلاس سنچریاں بناچکے ہیں۔ یوں یہ اس اسٹیڈیم پر ان کی گیارہویں اور کیرئیر کی 38ویں فرسٹ کلاس سنچری ہے۔

یہاں ایک دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ فواد عالم کے کیرئیر میں ایک بھی ففٹی نہیں، وہ پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے اپنی تینوں ابتدائی ففٹیز کو سنچریوں میں تبدیل کیا۔

واضح رہے کہ فواد عالم نے 2009 میں اپنے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز کیا تھا لیکن انہیں ڈیبیو پر سنچری کے باوجود بھی تین ٹیسٹ بعد ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا اور وہ 11 سال ٹیم سے باہر رہے لیکن اس دوران وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی کارکردگی کا لوہا منواتے رہے اور ہمت بنائے رکھی اور ثابت کیا کہ ہمت برقرار اور حوصلے بلند ہوں تو منزل ضرور ملتی ہے۔

فواد عالم اننگ میں 109 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ وہ فرسٹ کلاس کیرئیر میں 13 ہزار رنز مکمل کرنے سے 38 رنز کی دوری پر ہیں تاہم ٹیسٹ کرکٹ میں ان کے مجموعی رنز 509 ہیں۔