زراعت کی ترقی کیلئے بزدار حکومت نے انقلابی اقدامات کیے، فردوس عاشق اعوان

February 11, 2021

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ زراعت کے شعبے میں ترقی کیلئے بزدار حکومت نے انقلابی اقدامات کیے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بزدار حکومت میں پنجاب کی پہلی زرعی پالیسی منظور کی گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت زرعی ترقی، کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے 300ارب روپے کے منصوبوں کا آغاز کیا گیا ہے، ماڈل زرعی منڈیوں کے قیام کیلئے 21ارب 27 کروڑ روپے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

فردوس عاشق نے کہا کہ پنجاب سیڈ کونسل کے تحت مختلف فصلوں کی102 نئی اقسام کاشت کیلئے منظور ی گئی ہیں، کاشتکاروں کو61ارب روپے کے بلاسود قرضے جاری کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مالی سال2020-21کے دوران 70ہزار خواتین اور مزارعین کو بلا سود قرض کی فراہمی کی گئی ہے، بارانی علاقوں میں 25 منی ڈیمز کی تعمیر مکمل کی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شوباز حکمرانوں نے جان بوجھ کر زرعی صوبے کی زراعت کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا، انشاءاللہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں کاشتکار کو اسکی محنت کا پھل اور زرعی اجناس کی وافر پیدوار کے حوالے سے پنجاب کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔