ہاتھ نہ دھونے سے کورونا لاحق ہوا، کام کے دوران آنکھوں کو چھوا تھا، رنویر شورے

February 21, 2021

بالی ووڈ کے اداکار رنویر شورے جنھوں نے چند روز قبل اپنے سوشل میڈیا ہینڈل سے پرستاروں کو آگاہ کیا تھا کہ انھیں کورونا وائرس لاحق ہوگیا ہے، جس پر آج میڈیا نے ان کی خیریت معلوم کرنے کے لیے ان سے رابطہ کیا۔

اس پر پہلے تو انھوں نے اصل بات کی جانب آنے سے پہلو تہی کی تاہم بعد میں انھوں نے تسلیم کیا کہ کورونا لگنے کی وجہ انکی لا پرواہی ہے انکا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ویکیسن آنے کے اعلان کے بعد سے لوگ زیادہ لاپرواہ ہوگئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ انھیں یہ بیماری آنکھوں کے ذریعے لگی کیونکہ وہ شوٹنگ کے دوران آنکھوں کے میک اپ کا استعمال کرتے ہوئے صفائی اور ہاتھ دھونے کا خیال نہیں رکھ رہے تھے۔

انکا کہنا تھا کہ ہمیں ہر وقت اپنی حفاظت کرنا چاہیے ، کیونکہ وائرس اس وقت بھی ہمارے اردگرد موجود ہے اور اسے شکست دینے اور تمام لوگوں کو امیونائز ہونے میں ابھی کافی وقت لگے گا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ انھوں نے خود کو اپنے خاندان اور اسٹاف سے بالکل الگ کرکے ایک کمرے تک محدود کرلیا ہے، جہاں دروازے پر انکا کھانا رکھ دیا جاتا ہے، اس کے علاوہ بھی وہ تمام ایس او پیز اور علاج و احتیاط پر عمل پیرا ہیں۔