دوحہ میں امن مذاکرات بحال، افغانستان میں شہری ہلاکتوں پر اقوام متحدہ کی تشویش

February 24, 2021

دوحہ(جنگ نیوز )افغانستان میں امن کیلئے طالبان اور کابل حکومت کے درمیان مذاکرات کا ایک بار پھر سے آغاز ہوگیا، دوسری جانب افغانستان میں شہری ہلاکتوں پر اقوام متحدہ نے سالانہ رپورٹ جاری کردی ، تفصیلات کے مطابق کئی ہفتوں کے تعطل کے بعد افغان حکومت اور طالبان کے مابین مذاکرات بحال ہو گئے ہیں۔ طالبان کے ترجمان محمد نعیم نے پیر کی رات تصدیق کی کہ دوحہ میں مذاکرات بحال ہو گئے ہیں۔ فی الحال صرف یہی بتایا گیا ہے کہ بات چیت خوشگوار ماحول میں ہو رہی ہے۔ جنوری میں یہ مذاکرات اچانک تعطل کا شکار ہو گئے تھے۔ تب فریقین بات چیت کے ایجنڈے پر متفق نہیں ہو پائے تھے۔ تازہ دور میں فریقین مذاکرات کے ایجنڈے کو حتمی شکل دینے کی کوشش کریں گے۔ مذاکرات کی بحالی گزشتہ ہفتے پاکستان میں سفارت کاری کے بعد سامنے آئی ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ برس امن مذاکرات شروع ہونے کے بعد افغانستان میں شہری ہلاکتوں میں تیزی آئی ہے،برطانوی میڈیا کے مطابق منگل کو جاری رپورٹ میں اقوام متحدہ نے ہفتوں بعد مذاکرات کاروں کی ملاقات میں سیز فائر کا مطالبہ کیا ہے۔اقوام متحدہ کی سالانہ (UNAMA)رپورٹ میں کہا گیا کہ سال 2020 میں 8ہزار 820 عام شہریوں کی ہلاکت ہوئی،طالبان نے منگل کو اس رپورٹ پر اپنے ردعمل میں تنقید کرتے ہوئے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ مزید ملاقاتیں جلد ہونگی۔