کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئےگورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں سیمینار

February 24, 2021

لاہور(خبر نگار)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک سیمینارکا اہتمام کیا گیا ، صدر آزاد جموں اینڈ کشمیر سردار مسعود خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ، ترجمان پنجاب حکومت ڈاکٹر زرکاء سہروردی بھی شریک ہوئے ۔ طلباء نے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے موضوع پر نغمے اور تقریر پیش کیں۔ ڈاکٹر زرکاء نے کہا کہ ہماری امیدیں نوجوانوں سے وابستہ ہیں، انہیں کشمیر کی اہمیت اور تاریخ کا اندازہ ہونا چاہیےکشمیر پر تحقیق ہونی چاہئے، یونیورسٹیز میں کشمیر ریسرچ چئیرز قائم کی جائیں۔صدر آزاد کشمیر ر سردار مسعود خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی جنگ پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے ، کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور اس حصے پر قبضہ ہے اہل کشمیر کے دل و دماغ پاکستان کے ساتھ یکسو ہیں۔کشمیر میں کمسن پانچ سالہ اور عمر رسیدہ 80 سالہ بزرگ کو تشدد کا نشانہ بنایا گیاکشمیری محصور ہیں وہاں 9 لاکھ بھارتی فوج تعینات ہے لاہور سے سری نگر یہ پیغام جانا چاہیے کہ پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ ہیں ۔