پی ایس ایل 6: اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

February 24, 2021

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹد نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کی جانب سے دیا گیا 197 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

کراچی کنگز کے شرجیل خان اور ماسٹر کلاس بابر اعظم نے شاداب خان کے فیصلے کو ان کے لیے ڈراؤنا خواب بنادیا۔

دونوں اوپنرز نے چوکوں اور چھکوں کی برسات کرتے ہوئے پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی پارٹنر شپ بنادی۔

دونوں نے 176 رنز جوڑے جو پی ایس ایل کے کسی بھی ایونٹ کی سب سے بڑی پارٹنر شپ ہے۔

شرجیل خان 9 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 105 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ بابر اعظم نے 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 62 رنز بنائے۔

دونوں ہی اوپنرز 176 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے، تاہم ان کے بعد ڈینئل کرسچن اور محمد نبی نے اپنے حصہ ڈال کر ٹیم کو 196 کے ٹوٹل تک پہنچادیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی اور حسین طلعت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو پہلا دھچکا ایک رن پر ہی لگ گیا جب فل سالٹ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان بھی بغیر کوئی رن بنائے محمد عامر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

ایسے میں ایلکس ہیلز نے دھواں دھار 46 رنز اور فہیم اشرف نے 24 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا۔

اس موقع پر میچ متوازن دکھائی دے رہا تھا لیکن پھر حسین طلعت اور افتخار احمد کی پارٹنر شپ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے جیت کی امید پیدا کردی۔

حسین طلعت 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، تاہم افتخار احمد کے ناقابلِ شکست 49 اور آصف علی کی 21 رنز کی بدولت یونائیٹڈ نے 197 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔

کراچی کنگز کی جانب سے عماد وسیم، محمد عامر، وقاص مقصود، ارشد اقبال اور محمد نبی نے ایک ایک وکٹ لی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کو بحران سے نکالنے پر اور 46 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر ایلکس ہیلز کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔