الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہمارے ووٹرز کی رائے کی نفی ہے، عثمان ڈار

February 25, 2021

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کا فیصلہ ہمارے ووٹرز کی رائے کی نفی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں میزبان شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ہم نے ن لیگ والوں کی فائرنگ کی وڈیوز الیکشن کمیشن میں پیش کیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہمارے ووٹرز کی رائےکی نفی ہے۔

انھوں نے کہا کہ آئی جی اور چیف سیکرٹری نے وزیرآباد میں بھی الیکشن کروائے، پریذائڈنگ افسران بیان حلفی دے چکے ہیں کہ کسی نے انہیں نہیں اٹھایا۔

عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا کوئی ایسا قانون نہیں کہ پریذائیڈنگ افسر کے دیر سے آنے پر الیکشن ملتوی کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ پہلے بھی ایسے ہی الیکشن ہوئے مگر پورے علاقے میں ری الیکشن نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ آر او کی رپورٹ میں کہیں نہیں لکھا کہ پورے حلقے میں بےضابطگی ہوئی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ میرے سامنے آر او نے کمیشن کو بیان دیا کہ کسی امیدوار نے شکایت نہیں کی۔

انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے منظم مہم چلا کر الیکشن کو متنازع بنایا، ہم پہلے اپنے قانونی حق کے لیے لڑیں گے۔

عثمان ڈار نے یہ بھی کہا کہ لوگوں نے ہمارے حق میں ووٹ دیا ہم ان کے حق کے لیے لڑیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 23 پولنگ اسٹیشنز میں الیکشن کی شفافیت کے لیے ن لیگ کا مطالبہ ماننے کو تیار ہیں۔