160کلو غیر معیاری مصالحہ جات اور 280لیٹر مشروبات تلف

February 26, 2021

پشاور(وقائع نگار) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبے کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے 160 کلو سے زائد غیر معیاری مصالحہ جات، چائنہ سالٹ، گٹکہ اور 280 لیٹر زائد المعیاد مشروبات تلف کی گئی، جبکہ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر تین ہوٹلز اور دو دکانوں کو سیل کردیا گیا۔ کارروائیاں ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی کی ہدایت پر کی گئی۔ ڈائریکٹر اپریشنز ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کے مطابق ٹانک میں 120 کلو چائنہ سالٹ، 200 لیٹر سافٹ ڈرنکس، 50 پیکٹس سویٹس تلف کئے گئے۔ ڈائریکٹر آپریشنز کے مطابق صوابی میں بھی خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا گیا، کارروائی کے دوران 40 لیٹر زائد المعیاد سافٹ ڈرنکس اور 5 کلو گٹکا برآمد کر لیا گیا۔ بنوں میں کارروائی کے دوران 40 لیٹر زائد المعیاد سافٹ ڈرنکس اور ممنوع چورن کے پیکٹس برآمد کئے گئے۔ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کے مطابق نوشہرہ میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 2ہوٹل کو سیل کیا گیا، کارروائی میں زائد المعیاد مصالحہ جات، بسکٹس، ملک پیکس، ملاوٹ شدہ چائے کی پتی اور ممنوع چائنہ سالٹ اور چورن برآمد کیا گیا۔ ڈائریکٹر اپریشنز کے مطابق ہری پور میں صفائی کی ناقص صورتحال پر ایک ہوٹل کو سیل کیا گیا۔ مردان میں ناقص صفائی اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر ہوٹل مالکان کو تنبیہ، چپس فیکٹریز کا بھی دورہ کیا گیا۔