پاکستان میں کورونا وائرس کی وباء کو ایک سال مکمل

February 27, 2021

اسلام آباد(فاروق اقدس) عالمی سطح پر نظام زندگی کو مکمل طورپر مفلوج کردینے والی کورونا وبا کے پاکستان میں پہلے کیس کے ظاہر ہونے کو ایک سال مکمل ہوچکا ہے، 26فروری 2020کی شام ذرائع ابلاغ میں پہلے کیس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد بیماری نے ایک سال کے دوران کیا تباہی مچائی وہ سب کے سامنے ہے،غیرملکی نشریاتی ادارے کے مطابق ایران سے لوٹنے والے ایک نوجوان یحییٰ جعفری جب کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پہنچے تو اُن میں کورونا کی کچھ علامات ظاہر ہوئیں جن کا ٹیسٹ 26 فروری کو مثبت آیا اور یوں پاکستان دنیا کے اُن ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا جہاں اس بیماری نے اپنے پنجے گاڑھ دیئے، مارچ کے وسط میں کیسز بڑھنے لگے اور پھر حکومت نے بھی لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا جس سے زندگی ساکت ہو گئی، کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند ہو گئے، لوگوں کو گھروں میں رہنے کا کہا گیا جبکہ حکومت وبا کا پھیلاؤ روکنے کے جتن کرنے لگی، مارچ اور اپریل میں وبا نے زیادہ نقصان نہیں پہنچایا لیکن مئی اور جون میں وبا کی پہلی لہر کی تباہ کاریاں شروع ہو گئیں،ہسپتال مریضوں سے بھرنے لگے۔