تاجروں کو مشترکہ منصوبہ سازی کو فروغ دینا چاہیے،کرغستانی سفیر

February 28, 2021

الاہور(خصوصی رپورٹر) پاکستان میں کرغستان کے سفیر ایرک بیشم بیو نے کہا ہے کہ وہاں کی مارکیٹ پاکستانی تاجروں کے لیے کھلی ہے، کرغستان میں کی جانے والی سرمایہ کاری منافع بخش ہے، پاکستانی تاجروں کو کرغستان کے تاجروں سے مل کر فارماسیوٹیکل، چاول، زراعت، ایجوکیشن، سیاحت اور دیگر شعبوں میں مشترکہ منصوبہ سازی کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ نائب صدر طاہر منظور چودھری، سابق سینئر نائب صدر امجد علی جاوا، سابق نائب صدر ذیشان خلیل، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین حاجی محمد آصف سحر، شاہد نذیر، مردان علی زیدی، ملک ریاض اقبال، نعیم حنیف، ودود علوی اور ذیشان سہیل ملک بھی اجلاس میں موجود تھے۔ سفیر نے کہا کہ کرغستان فارماسیوٹیکل سیکٹر میں زیادہ ترقی یافتہ نہیں، پاکستانی فارماکمپنیوں کو اس سیکٹر میں مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ پاکستان اور کرغستان کے ساتھ محدود مصنوعات کی تجارت ہورہی ہے، دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے نئی مصنوعات متعارف کروانا ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کرغستان کو برآمدات کا حجم صرف 2.17ملین ڈالر ہے، دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرغستان کو فارماسیوٹیکل، ویلیوایڈڈ ٹیکسٹائلز، زرعی مصنوعات، آلات جراحی ،کھیلوں کا سامان اور دیگر شعبوں میں برآمدات بڑھانے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوروناوباء کے بعد پاکستان کے فارماسیوٹیکل سیکٹر نے نمایاں ترقی کی ہے جس سے کرغستان کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کرغستان پاکستان کو جی ایس پی پلس کے تحت یورپین یونین کی مارکیٹ سے بھرپور فائدہ اٹھانے میں بھی مدد دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرغستان کو سی پیک سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ میاں طارق مصباح نے کہا کہ کورونا کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد تجارتی وفود کا تبادلہ شروع ہونا چاہیے۔ انہوں نے پنجاب سپورٹس بورڈ کی جانب سے منعقد ہونے والی ریسلنگ چیمپیئن شپ کو سپانسر کرنے پر کرغستان کے سفارتخانے کو خراج تحسین پیش کیا۔