سابق لارڈ میئر محمد عجیب کیلئے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ

February 28, 2021

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) برطانیہ کے پہلے مسلمان سابق لارڈ میئر محمد عجیب کو بریڈفورڈ کونسل کی جانب سے ان کی کمیونٹی کیلئے شاندار خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے ،بریڈفورڈ کونسل کی جانب سے اس سال دو خصوصی ایوارڈز ہیں جو گمنام ہیروز کو دئیے جا رہے ہیں جو بریڈ فورڈ میں اپنی لگن اور کام کیلئے پہچان کے مستحق ہیں۔ سابق لارڈ میئر و کونسلر محمد عجیب 1985 میں برطانیہ میں پہلے مسلم لارڈ میئر بنے تھے ،انہوں نے نوجوانوں اور بوڑھے افراد کو متاثر کیا اور وہ کمیونٹی کیلئےایک رول ماڈل بن گئے ،اپنے عہدے کے پہلے سال کے اختتام تک انہیں پورے برطانیہ سے سیکڑوں خطوط موصول ہوئے لیکن اس سے پہلے کہ وہ سٹی ہال میں اہم کردار ادا کریں انہوں نے سیاست کی دنیا کا ایک غیر معمولی سفر طے کیا۔ کمیونٹی کی جانب سے انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ملنے پر مبارک باد دی گئی ہے۔ سابق لارڈ میئر محمد عجیب نے اپنی زندگی کا آغاز پاکستان (آزادکشمیر) کے میرپور کے گاؤں چھترو میں کیا۔ ابتدائی پرائمری تعلیم اپنے آبائی گاوں کے سکول میں حاصل کی پھر انہوں نے 1954 میں ڈڈیال اسکول میں میٹرک کی تعلیم حاصل کی چار سال بعد انہوں نے کراچی یونیورسٹی سے بی اے کی سند حاصل کی اور اسی سال وہ چھترو سے برطانیہ کے شہر نوٹنگھم منتقل ہو گئے ۔ 1962 تک انہوں نے ایک گھر خرید لیا تھا اور اپنی اہلیہ ارشاد بیگم سے شادی کے ساتھ ہی ریس ریلیشنز بورڈ میں ہاؤسنگ آفیسر کا کردار ادا کیا تھا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ہی ، وہ ریس ریلیشنز بورڈ کی ریس کنسلٹیشن کمیٹی کا ممبر نیز شیئر کا ڈپٹی ڈائریکٹر اور بعد میں ڈائریکٹر مقرر ہوے۔ بریڈ فورڈ کا دورہ کرنے کے بعد 1971 میں ڈسٹرکٹ بریڈفورڈ میں آباد ہو گئے ۔ محمد عجیب نے 1974 میں لیبر پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور اس کے دو سال بعد ، بریڈ فورڈ کمیونٹی تعلقات کونسل کے چیئرپرسن کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کیا۔ وہ 1979 میں بریڈ فورڈ میٹرو پولیٹن کونسل میں کونسلر منتخب ہوئے تھےاسئ دوران انہوں نے بریڈفورڈ میں پاکستان کمیونٹی سنٹر قائم کیا اور بریڈ فورڈ میٹرو پولیٹن کونسل میں لیبر گروپ کے چیئرمین منتخب ہوئے۔ کونسل برائے مساجد کے مین پاور سروسز کمیشن پراجیکٹ منیجرکے طور پر کام کیا۔ 1980 میں انہیں بریڈفورڈ ہائوسنگ کمیٹی کا وائس چئیرمین بھی بنا دیا گیا 1984 لیبر پارٹی بریڈفورڈ کے چئیرمین منتخب ہوئے، اسی سال ان کا نام لارڈ میئر کے لیے تجویز کیا گیا مگر صرف آٹھ یا دس ووٹ حاصل کرسکے۔ 1985 میں پارٹی نے دوبارہ ان کا نام لارڈمئیر کے لیے تجویز کیا، اس مرتبہ انہوں نے نصف سے زائد ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی اور یوں برطانیہ کی تاریخ میں پہلے سیاہ فام، ایشیائی، مسلمان اور پاکستانی لارڈ مئیر کا اعزاز حاصل کر کے ایک تاریخ رقم کی اس وقت کے میڈیا نے انہیں شہزادی ڈیانا کے بعد برطانیہ میں دوسری بڑی شخصیت قرار دیا جنہیں کمیونٹی میں پذیرائی ملی ۔ 21 مئی 1985 کی صبح 11 بجے ، بریڈ فورڈ سٹی ہال میں کونسل کے چیمبر کے اندر ، ملک کے پہلے ایشین لارڈ میئر ، اپنی اہلیہ لیڈی مائرس ارشاد کے ہمراہ فرسٹ سٹیزن کی حیثیت سے لارڈ مئیر آف بریڈفورڈ کے عہدے کا حلف لیا اور بریڈ فورڈ سٹی آگ کے متاثرین کے لئے دعا کے لیے بھی شرکت کی اس وقت انہوں نے کہا میں جانتا ہوں کہ ہم متحد رہیں گے اور تمام شہریوں کے ساتھ ہماری ایک ہی سمت ہے اسی برس محمد عجیب نے بطور لارڈ مئیر پاکستان کا دورہ کیاتو سرکاری سبب پر ان کو پروٹوکول دیا گیا اس وقت کے صدر جنرل ضیاءالحق اور وزیراعظم محمد خان جونیجو سے خصوصی ملاقات کی لاہور کے شالامار باغ میں انہیں اہلیان لاہور کی جانب سے بہت بڑا استقبالیہ دیا گیا، بی بی سی کی ٹیم نے اس دورے بھرپور کوریج کی اور پاکستانی اخبارات و قومی ٹی وی چینل نے بھی انہیں نمایاں کوریج دی۔ 2000ء میں محمد عجیب فعال سیاست سے ریٹائر ہوئے اور 2001 میں انہوں نے ملکہ برطانییہ کی جانب سے CBE کمانڈر آف برٹش ایمپائر کا اعزاز حاصل کیا۔ 2009ء میں برطانوی دالعوام (ہائوس آف کامنز)میں بھی ان کی سیاسی اور رفاہی خدمات کے صلے میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔