حماس کی قید میں موجود ایک اور اسرائیلی یرغمالی کی ویڈیو سامنے آگئی

April 26, 2024

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ میں قید ایک اور اسرائیلی یرغمالی کی ویڈیو جاری کردی ہے۔

حماس کی جانب سے جاری کی گئی تین منٹ کی اس ویڈیو میں امریکی ریاست کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے قیدی گولڈ برگ پولن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور ان کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

گولڈ برگ پولن نے کہا کہ اسرائیلی حکومت تمام قیدیوں کی رہائی کے لیے فوری طور پر فلسطینیوں کی شرائط کو پورا کرے۔

اسرائیلی یرغمالی نے کہا کہ نتین یاہو نے ہمیں پچھلے 200 دنوں سے حالات کے رحم وکرم پرچھوڑے ہوا ہے، اسرائیلی فوج کیتمام کوششیں ناکام ہیں، اس صورتحال پر اسرائیلی حکومت کو شرم آنی چاہیے جو معاملات کو سنبھالنے کے بجائے فلسطینیوں کی پیش کردہ تجاویز کو مسلسل مسترد کر رہی ہے۔

گولڈ برگ پولن نے نیتن یاہو سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ جب آپ اپنے اہلخانہ کے ساتھ لنچ پارٹیز کرتے ہیں تو ہمارے بارے میں بھی سوچیں جو یہاں سورج کی روشنی سے دور زمین کے نیچے بھوکے پیاسے ایک جہنم میں محصور ہیں۔

اسرائیلی یرغمالی نے اپنی حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اقتدار ایسے لوگوں کے حوالے کیا جائے جو ہمیں قید سے آزاد کرواسکیں۔

اس صورتحال پر غزہ میں قید اسرائیلی یرغمالیوں کے خاندانوں کی نمائندگی کرنے والے گروپ نے اپنے بیان میں کہا کہ یرغمالیوں کی واپسی کو یقینی بنانے کے لیے دیا گیا وقت ختم ہو رہا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ معصوم جانوں کو کھونے کا خوف مزید بڑھتا جا رہا ہے اب اس پریشان کن ویڈیو کے بعد ہمارے پیاروں کی بحفاظت واپسی یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

گولڈ برگ پولن کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد اسرائیل کے شہروں میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے جو یرغمالیوں کی واپسی، غزہ میں جنگ بندی اور اسرائیل کی موجودہ حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔

خیال رہے کہ گولڈ برگ پولن حماس کے پاس موجود سب سے زیادہ نمایاں اسرائیلی قیدیوں میں شامل ہے جس کی تصویر والے پوسٹر پورے اسرائیل میں لگے ہوئے ہیں۔

اس کی والدہ ریچل گولڈ برگ کئی عالمی رہنماؤں سے بھی مل چکی ہیں اور اقوام متحدہ سے خطاب بھی کر چکی ہیں۔