ایل پی جی کی قیمت میں 2روپے فی کلو اضافہ، عرفان کھوکھر

March 01, 2021

چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی قیمت میں 2روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا ہے۔

عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ مارچ کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری ہوگیا ہے، گھریلو سلینڈر 22 روپے اور کمرشل سلینڈر کی قیمت میں84 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

عرفان کھوکھر کے مطابق سرکاری پیداواری قیمت میں 1576روپے میٹرک ٹن اضافہ ہوگیا جس کے بعد ایل پی جی 158روپے فی کلو کی بجائے160روپے فی کلودستیاب ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ گھریلو سلینڈر 1863 روپے کی بجائے1885روپے جبکہ کمرشل سلینڈر 7168 روپے کی بجائے 7252روپے میں دستیاب ہوگا۔

عرفان کھوکھر کا حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایل پی جی پر لگے لیوی ٹیکس سمیت تمام ٹیکسوں کا خاتمہ کیا جائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ غیرمعیاری سلینڈر پھٹنے سے روز 2 سے 3 جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔