پاکستانیوں کیلئے ویزا کا فیصلہ حکومت ہی کریگی، بھارتی کرکٹ بورڈ

March 02, 2021

نئی دہلی (جنگ نیوز) بھارتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی چیئرمین احسان مانی کے پاکستانی کرکٹرز،تماشائیوں اورصحافیوں کو ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی کیلئے ویزا فراہم کرنے کی تحریری ضمانت کے مطالبہ کو سیاسی چال قرار دیا ہے،تاہم ساتھ ہی یہ کہہ دیا کہ ویزوں کا فیصلہ حکومت کا ہی ہوگا ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بورڈ آفیشل نے کہا ہے کہ احسان مانی کا بیان پڑھ کر حیرت ہوئی ہے، وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ بورڈ کسی بھی ایونٹ کے حوالے سے کسی بھی غیر ملکی ٹیم کے لئے ایک واضح پالیسی رکھتا ہے اور اس کے لئے کسی تحریری ضمانت کی ضرورت نہیں ہے البتہ ان ویزوں کے لئے فیصلہ تو حکومت کا ہی ہوگا۔ بھارتی بورڈ ورلڈ ٹی 20 کے انعقاد کے لئے سنجیدہ ہے۔