فلم ’’فنی بوائے‘‘ آسکر کی بیسٹ پکچر ایوارڈ کیٹگری کیلئے اہل 366 فلموں میں شامل

March 03, 2021

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)اداکارعلی کاظمی کی فلم ’’فنی بوائے‘‘ رواں سال آسکرکی بیسٹ پکچرایوارڈ کیٹگری کیلئے اہل 366 فلموں میں شامل ہے۔کینیڈین نژاد پاکستانی اداکار نے فلمی دنیا کے معتبرترین ایوارڈ کیلئے اپنی فلم زیر غور لائے جانے پر بےانتہا خوشی کا اظہارکرتے ہوئےاکیڈمی ایوارڈ والوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔اداکار نے انسٹاپوسٹ میں فلم کا انتخاب اپنے لیے اعزاز قراردیا۔رواں سال 366 فلموں کی فہرست 25 سال میں آسکرکیلئے زیرغور لائی جانےوالی بہترین فلموں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔فینی بوائے سری لنکن ناول نگار شیام سیلواڈورائی کی اسی نام سے لکھی گئی کتاب پرمبنی ہے، یہ ارجی نامی لڑکے کی کہانی ہے ، جسے اس کا کنبہ بہت مضحکہ خیزسمجھتا ہے ، اور ایک نوجوان جواپنے مرد ہم جماعت کی طرف راغب ہوتا ہے۔ اس فلم میں سنہالیوں اور تاملوں کے مابین سیاسی تناؤ اور 26 سالہ پرانی خانہ جنگی کے نتیجے میں ہونے والے تشدد کو بھی دکھایا گیا ہے۔فنی بوائے نیٹ فلکس اور سی بی سی جیم پر دستیاب ہے۔ فلم کی ڈائریکٹر بھارتی نژاد کینیڈین فلمساز دیپا مہتا ہیں جو اس سے قبل فائر، ارتھ، واٹر جیسی فلمیں بنا چکی ہیں۔ان 366 فلموں میں 5 سے 10 فلمیں فائنل مقابلے کیلئے منتخب کی جائیں گی جس کے بعد 5 سے 10 مارچ تک ووٹنگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔حتمی نامزدگیوں کا اعلان 15 مارچ کو کیا جائے گاجس کے بعد 93 ویں اکیڈمی ایوارڈ کی تقریب 25 اپریل 2021 کو ہوگی۔