پاکستان اور چین میں غربت کم کرنے کے مشترکہ پروگرام پر اتفاق

March 03, 2021

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان اور چین کے مابین غربت کم کرنے کے لئے مشترکہ تعاون پر اتفاق کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر سے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے منگل کو ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویزن (پی اے ایس ایس ڈی) محمد علی شہزادہ بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ ہم چین میں غربت کے خاتمے کے اہم کارنامہ پر چینی حکومت اور قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، یہ انسانی تاریخ کی ایک عظیم مثال ہے کہ 77کروڑ افراد کو 40سال کے عرصے کے دوران غربت سے باہر نکالا کیا گیا ہے۔ ملاقات کے دوران چینی سفیر اور ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے عوامی جمہوریہ چین اور پاکستان کی تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویزن کی جانب سے تیار کردہ مفاہمتی یادداشت کے مسودے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس مفاہمتی یادداشت کا مقصد غربت کے خاتمے کے حوالے سے مشترکہ تعاون کیلئے ایک پلیٹ فارم قائم کرنا ہے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ ہم مفاہمت نامہ کی حتمی تفصیلات پر کام کررہے ہیں، یہ فریم ورک دونوں ممالک کو غربت کے خاتمے میں تجربات کے اشتراک سے مستفید ہونے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا اس اشتراک کے نتیجے میں ایک جانب پاکستان چین کے غربت کے خاتمے کے تجربات سے فائدہ اٹھاسکے گا۔ ڈاکٹر ثانیہ نے نونگ رونگ کو پاکستان میں چین کے سفیر کی حیثیت سے تقرری پر مبارکباد دی۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے غربت کے خاتمے کیلئے چین پاکستان اقتصادی راہداری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مستقبل میں دونوں ممالک کے مابین تعاون کو خوش آئند اقدام قرار دیا۔