مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال گھمبیر ہے ،حریت کانفرنس

March 03, 2021

اسلام آباد( خصوصی نامہ نگار)آل پارٹی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کے کمیشن برائے حقوق انسانی کی سر براہ مشعل بیکلے کے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کےحوالے سے بیان کا خیر مقدم کیا ہے، حریت رہنما عبدالحمید لون نے کمیشن برائے حقوق انسانی سےمطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو رکوانے کیلئے مداخلت کرے۔ کمیشن اپنی 2018 اور 2019 کی رپورٹوں کے تسلسل میں ایک اور رپورٹ جاری کرے۔ انہوں نے انسانی حقوق کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کو مجبور کیا جائے کہ وہ حقائق جاننے کیلئے کمیشن اور حقوق البشر کے اداروں کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دے۔ مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے حال ہی میں بھارت کی طرف سے من پسند غیر ملکی سفارتکاروں کو مقبوضہ جموں کشمیر دورے کے بعد انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ کے بیان سے بھارت کا پروپیگنڈہ مسترد ہوگیا ہے۔