فیول کی قیمتوں میں اضافے سے ٹنکی کیلئے 5 پونڈ زیادہ ادا کرنا پڑیں گے

March 04, 2021

لندن(پی اے ) برطانیہ میں مسلسل چوتھے سال فیول کی قیمتوں میں اضافے کااندیشہ فیول کی قیمتوں میں مزید اضافے سے گاڑی کی ٹنکی بھروانے کیلئے 2020 کے مقابلے میں کم وبیش5پونڈ زیادہ اداکرنا پڑیں گے،آر اے سی کے ڈیٹا کے مطابق فیول کی قیمت میں 3پنس فی لیٹر اضافے سے گاڑی کی ٹنکی بھروانے کیلئے گزشتہ مہینے کی نسبت 1.70 پونڈ زیادہ ادا کرنا ہوں گے اس اضافے سے پیٹرول کی قیمت جو گزشتہ ماہ 120.22 پونڈ فی لیٹر تھی بڑھ کر 123.38 پونڈ فی لیٹر ہوجائے گی جبکہ ڈیزل کی قیمت 123.35پونڈ سے بڑھ کر126.47 ہوجائے گی،اس صورت میں پیٹرول کی ایک ٹنکی بھروانے کیلئے گزشتہ سال نومبر کے مقابلے میں 4.87 پونڈ زیادہ ادا کرنا پڑیں گے، جبکہ ڈیزل بھروانے کی صورت میں 4.75پونڈ زیادہ ادائیگی کرناہوگی۔آر اے سی کے فیول سے متعلق ترجمان سائمن ولیمز کا کہناہے کہ فروری کا مہینہ ڈرائیوروں کیلئے ایک اور سخت مہینہ تھا اور مستقبل میں تیل کی قیمتوں کے حوالے سے صورت حال غیر یقینی ہے اور تیل کی قیمتوں میں مزید اضافے کے خدشات موجود ہیں،تاہم 4 بڑی سپر مارکیٹس میں ٹنکی بھروانا اب بھی سب سے زیادہ سستا آپشن ہے جہاں فی لیٹر کم اوبیش4 پنس کم قیمت وصول کی جاتی ہے،تیل کی سب سے کم قیمت اسڈا پر ہے جہاں پیٹرول 118.41 پونڈ اورڈیزل 121.51 فی لیٹر پر دستیاب ہے۔ شمالی آئرلینڈ میں تیل کی قیمتیں سب سے کم ہیں جہاں برطانیہ کے مقابلے میں 5پنس فی لیٹر کم قیمت پر پیٹرول دستیاب ہے ،آر اے سی کاکہناہے کہ اس کاسبب یہ ہے کہ فیول جمہوریہ آئرلینڈ سے درآمد کیاجاتاہے جہاں فی لیٹر ٹیکس کم ہیں اور اسٹرلنگ یورو کے مقابلے میں زیادہ مستحکم ہے۔ولیمز کاکہناہے کہ اب جبکہ زندگی معمول پر آرہی ہے تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتاہے۔