ایلیمنٹری ایجوکیشن فاونڈیشن پارٹنر سکولوں سے معاہدے کی خلاف ورزی کرر ہی ہے، امیر رحمن

March 05, 2021

پشاور (لیڈی رپورٹر)آل پرائیویٹ پارٹنر اسکولز ایسوسی ایشن کے چیرمین امیر رحمن نے کہا ہے کہ ایلیمنٹری ایجوکیشن فاونڈیشن گزشتہ تین سال سے پارٹنر سکولوں کے ساتھ کئے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کرر ہی ہے،جس کے نتیجے میں سینکڑوں سکولوں کی بندش سے ہزاروں غریب بچے تعلیم سے محروم ہوچکے ہیں ۔پشاور پریس کلب میں پرائیویٹ سکول تنظیموں کے عہدیداروں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاگر ایلیمنٹری ایجوکیشن فاونڈیشن نے پارٹنر سکولوں کے تمام بقایاجات چند دن میں ادا نہیں کیے توپارٹنرز سکول ایسو سی ایشن اور پرائیویٹ سکولز کی تمام صوبائی تنظیمات صوبائی اسمبلی کا گھیراو کرنے پر مجبور ہونگے۔اس موقع پر تحریک انصاف گلالئی گروپ کی سربراہ عائشہ گلالئی اور ہوپ کے صوبائی صدر عقیل رزاق سمیت دیگر عہدیداروں نے پارٹنرسکولوں کے جدوجہد میں ان کے ساتھ شامل ہونے کا اعلان کیا۔بعدازاں ٓآل پرائیویٹ پارٹنر اسکولز ایسوسی ایشنکے عہدیداران نے پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا ۔