ساتھی اسحاق ایڈووکیٹ متحدہ میں شامل

April 27, 2016

پیپلز پارٹی کے ساتھی اسحاق ایڈووکیٹ متحدہ قومی موومنٹ میں شامل ہوگئے، رابطہ کمیٹی کے رکن عامر خان بولے، گنڈے انڈوں کا جانا اور اچھی شہرت والوں کا آنا ثابت کرتا ہے کہ ایم کیو ایم پر لگائے جانے والے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں۔

سیاسی رہنماؤں کا اِدھر سے اُدھر آنا جانا لگا ہوا ہے، بات ہے ساتھی اسحاق کی، جو پیپلزپارٹی چھوڑ کر متحدہ میں آگئے، کہاکہ ایم کیو ایم واحد جماعت ہے جو لوگوں کا خیال رکھتی ہے۔

ایم کیوایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان کا کہنا تھاکہ اُن کی پارٹی پر را سے تعلق سمیت غلط اور گھناؤنے الزامات کا سلسلہ جاری ہے، یہ الزام سچ ہوتے تو عوام ایم کیو ایم کو مسترد کرچکے ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ ضمیر فروشوں کا جو ٹولہ میدان میں اُتارا گیا، وہ جلد اپنے منطقی انجام تک پہنچ جائے گا۔عامر خان نے متعلقہ حکام سے کراچی آپریشن کو شفاف بنانے اور ایم کیوایم کے کارکنان کی گرفتایوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔