1959کے بعد فروری میں کار انڈسٹری کو بدترین مندی کا سامنا

March 06, 2021

لندن (پی اے) کار انڈسٹری کو 1959کے بعد فروری میں بدترین مندی کا سامنا کرنا پڑا۔ موٹر مینوفیکچررز اور ٹریڈرز سوسائٹی کی تازہ ترین پیشگوئی کے مطابق رواں سال برطانیہ میں صرف 1.83 ملین کار رجسٹرڈ ہوسکیں گی، جنوری میں سوسائٹی نے 1.89 ملین گاڑیوں کی رجسٹریشن کی پیش گوئی کی تھی لیکن گزشتہ سال فروری کے مقابلے میں نئی گاڑیوں کی طلب میں 36 فیصد کمی کے بعد پیشگوئی میں تبدیلی کردی گئی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق فروری عمومی طورپر گاڑیوں کی فروخت کے معاملے میں مندی کا مہینہ ثابت ہوا، کیونکہ بہت سے گاڑی مالکان نئی نمبر پلیٹس کا انتظار کرتے رہے جو مارچ میں جاری کی جانی تھیں۔ اگر رواں سال 1.89 ملین نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن سے متعلق پیشگوئی درست ثابت ہوتی ہے تو یہ تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ اور 2019کے مقابلے میں18 فیصد کم ہوگی، SMMT کے چیف ایگزیکٹو مائیک Hawes کا کہنا ہے کہ فروری میں عمومی طورپر کار کی رجسٹریشن کم رہی، کیونکہ کار کے شورومز بند رہے، یہ کمی انتہائی مایوس کن ہے لیکن اس کی توقع تھی۔ انھوں نے کہا کہ زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ شورومز کی اس بندش کی وجہ سے کار ڈیلرز مارچ میں نئی نمبر پلیٹس کیلئے تیاریاں نہیں کرسکے۔ انھوں نے کہا کہ اگرچہ تیزی سے ویکسین لگانے کا ہمارے پاس پابندیوں سے نجات کا ایک راستہ ہے اور کلک اور کلیکٹ کا تجربہ ثابت ہوچکا ہے لیکن جلد از جلد شورومز کھولنا ضروری ہے تاکہ کار انڈسٹری دوبارہ بحالی کیلئے کام شروع کرسکے اور گزشتہ سال ہونے والے 23 بلین پونڈ کے نقصان کی تلافی کرسکے۔ گزشتہ ماہ ڈیزل گاڑیوں کی طلب میں 61 فیصد اور پیٹرول سے چلنے والی گاڑیوں کی طلب میں 45 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ بیٹری الیکٹرک اورپلگ ان ہائی برڈ کی کار کی طلب میں اضافے کا سلسلہ جاری رہا اور ان کی طلب میں بالترتیب 40 اور 52 فیصد اضافہ ہوا۔ دیگر گاڑیوں کے مقابلے میں ان کا حصہ 13 فیصد رہا جو کہ گزشتہ سال فروری کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہے، آٹو موٹو میگزین اور ویب سائیٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر راکیل پراشر کا کہنا ہے کہ فوری طلب پوری کرنے کیلئے آن لائن ریٹیل اور نیا ڈیجٹل پلیٹ فارم موثر ذریعہ ثابت ہوئے ہیں۔ بارکلے کی کارپوریٹ بینکنگ کے ریٹیل اور ہول سیل کی سربراہ کارن جانسن کا کہنا ہے کہ کار ڈیلر شپ کیلئے سب کچھ مایوس کن نہیں ہے، لاک ڈائون کا خاتمہ نظر آرہا ہے اور تما م غیر ضروری کاروبار کھلنے سے موٹرانڈسٹری میں بھی بہت سوں کو کافی ریلیف مل جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ مارچ میں نئی نمبر پلیٹس کے اجرا سے بھی اگلے مہینوں کے دوران خریداروں کو گاڑیوں کی خریداری کی ترغیب ملے گی اور خریداروں کا اعتماد بحال ہونے کی صورت میں گاڑیوں کی فروخت میں بھی اضافہ ہوگا۔