شیروں نے ووٹ چور غنڈوں کا مقابلہ کیا، مریم نواز

March 07, 2021

اسلام آباد(جنگ نیوز،ایجنسیاں)پارلیمنٹ ہائوس کے باہر مسلم لیگ (ن )کے رہنمائوں پر پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنوں کی جانب سے کیے گئے حملے کی پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے مذمت کی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ شیروں نے ووٹ چور غنڈوں کا مقابلہ کیا۔ جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ غنڈوں کا پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مل کر مقابلہ کریں گے۔ سندھ ہائوس میں پی ڈی ایم کے اراکینِ پارلیمنٹ بھی موجود تھے جن کیلئے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا تھا جسکے بعد پی ڈی ایم کا اجلاس ہوا جس میں دونوں رہنمائوں نے پی ٹی آئی کارکنوں کی غنڈہ گردی کی مذمت کی۔بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کے لوگوں نے ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔مریم نواز نے جواب دیا کہ پارلیمنٹرینز پر حملہ غنڈہ گردی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان غنڈوں کا پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مل کر مقابلہ کریں گے، یوسف رضا گیلانی کی کامیابی سے پی ٹی آئی بوکھلا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈے اختیار کر کے پی ٹی آئی اپوزیشن کو نہیں ڈرا سکتی، عمران خان اس سطح پر گرچکے کہ کرائے کے بندوں سے اپوزیشن پر حملے کرا رہے ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں پی ٹی آئی کے حملے کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔