ضم اضلاع قدرتی وسائل اورخام مال سے مالا مال ہیں،عبدالکریم

March 09, 2021

پشاور ( جنگ نیوز )ضم اضلاع قدرتی وسائل اورخام مال سے مالا مال ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل کو استعمال میں لا کر علاقے میں صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں تاکہ ان لوگوں کی محرومیوں کا ازالہ ہوان خیالات کا اظہار وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم نے صوبائی وزیر ریلیف وآباد کاری اقبال وزیر کے ساتھ نورک شمالی وزیرستان میں سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کی قیام کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دوران کیا ۔یاد رہے کہ مذکورہ اسٹیٹ کی جلد تعمیر کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر اقبال وزیر، سیکرٹری انڈسٹری جا وید مروت، منیجنگ ڈائریکٹر سمال انڈسٹریل ڈیویلپمنٹ بورڈ عضنفر اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن شمالی وزیرستان کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں اسٹیٹ کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کے حوالے سے تفصیلی غور وخوض ہوا اور اس سلسلے میں درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کا فیصلہ کیا۔معاون خصوصی نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ شمالی وزیرستان میں سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کی تعمیر کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے تاکہ اس پر تعمیراتی کام شروع ہو اور علاقے میں تجارتی سرگرمیوں کوبھی فروغ ملے۔انہوں نے اس سلسلے میں دو ہفتوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ۔