ن لیگ نے آج پی پی کی پشت میں چھرا گونپا، شبلی فراز کا دعویٰ

March 12, 2021


وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے دعویٰ سے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے آج اپنی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کی پشت میں چھرا گھونپ دیا ہے۔

سینیٹر فیصل جاوید کے ہمراہ پارلیمنٹ میں میڈیا بریفنگ کے دوران شبلی فراز نے اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کی تدفین کا بھی اعلان کردیا۔

انہوں نے استفسار کیا کہ ن لیگ نے اتحادی پیپلز پارٹی کی پشت میں چھرا گونپنے کے لیے کہیں علی حیدر گیلانی کی خدمات تو نہیں لیں؟

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کرپٹ پریکٹس کے یہ ماسٹر ہوگئے ہیں، پی ایچ ڈی کر لی ہے، کیمروں کے شرمناک ڈرامے پر انہیں عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ انہوں نے جو ڈرامہ رچایا، انکوائری کریں گے کہ کس نے کیا، ان کا خیال تھا کیمروں کا ناٹک رچاکر اس الیکشن پر اثر ڈال سکیں گے۔

شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان نیک نیت شخص ہیں، ان کو شکست ہوئی جنہوں نے ہماری نیک نیت پر شک کیا، ایسا شفاف نظام لانا چاہتے ہیں جس کے لیے بھرپور کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کے لیے وزیراعظم عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں، ہمارے نامزد چیئرمین سینیٹ کو کامیابی ملی، پی ڈی ایم کی آج تدفین ہوگئی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے دوبارہ سے لانگ مارچ اور استعفوں کی بات کی ہے، عوام کرپشن کیخلاف نکلتے ہیں ،کرپشن بچانے کو نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسترد ووٹ سے ثابت ہوگیا کہ پی ڈی ایم مسترد ہے، اپوزیشن کا پیسہ اور کرپشن کسی کام بھی نہیں آنے والا ہے۔

فیصل جاوید نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان الیکشن اصلاحات لائیں گے، اوپن ووٹنگ کی طرف جائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج کی فتح صادق سنجرانی کی نہیں، پورے بلوچستان کی فتح ہے، پی ڈی ایم مسترد اور پاکستان مسلم لیگ ن پر اناللہ ونا الیہ راجعون پڑھ لیا گیا۔

پی ٹی آئی سینیٹر نے سینیٹ چیئرمین کے الیکشن میں حکومتی حمایت یافتہ امیدوار کی کامیابی کو گزشتہ شب’شب معراج‘ میں عوام کی دعاؤں کا حاصل قرار دیا۔