چیک ری پبلک: بن مانسوں کے آپسی رابطوں کے لیے زوم کالز کا اہتمام

March 17, 2021

وسطی یورپی ملک چیک ری پبلک نے چیمپنزیوں کے لیے آپس میں رابطوں کے لیے زوم کالز کا انتظام کیا ہے۔

جمہوریہ چیک کے سفاری پارک نے اس حوالے سے ایک تجرباتی پروجیکٹ گزشتہ جمعرات کو شروع کیا تاکہ اپنے چھ چیمپنزی (بن مانس) کی روز مرہ کی زندگی میں کچھ بہتری لائی جاسکے۔

زو انتظامیہ کی کوشش ہے کہ سخت قسم کے لاک ڈاؤن کے ماحول میں انچیمپنزیوں کے لیے آپس کی تفریح کا اہتمام ہوسکے۔

اسکی وجہ یہ ہے کہ چیمپنزی سے لیکر بندر تک زیادہ تر جانور کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈاؤن جو کہ گزشتہ برس 18 دسمبر کو نافذ کیا گیا اس میں سخت بوریت کا شکار ہیں، کیونکہ لوگ بھی چڑیا گھر نہیں آرہے ہیں۔

اس صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے چیک ری پبلک کے شمالی قصبے دوور کارلوو کے چیمپنزی اینکلوژرز میں ایک بڑی اسکرین نصب کی گئی ہے تاکہ ان جانوروں کو ان کے ہم جنس چیمپنزیوں کی جو کہ ملک کے جنوبی شہر برنو کے چڑیا گھر میں موجود ہیں ان سے مربوط کیا جاسکے۔