شوگر اسکینڈل سےجڑی اہم شخصیات نیب میں طلب

March 18, 2021

قومی احتساب بیورو (نیب) نے شوگر اسکینڈل سےجڑی اہم شخصیات کو طلب کرنے کافیصلہ کر لیا، پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پسما) کے چیئرمین سکندرمحمد خان تمام ریکارڈ کے ساتھ نیب میں طلب کرلیے گئے۔

نیب ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی کو تمام متعلقہ اداروں سے ریکارڈ موصول ہوگیا ہے جس کے بعد شوگر اسکینڈل سے منسلک تمام شخصیات کی طلبی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پسما سکندر محمد خان کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے، انہیں 25 مارچ کو نیب آفس اسلام آباد میں طلب کیا گیا ہے۔

چیئرمین پسما سے 2017-18 اور 19 میں دی جانے والی شوگر سبسڈی کی تفصیل بھی مانگی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سکندر محمد خان سے تین سالوں میں شوگر کی پیداوار اور پیداواری لاگت کی تفصیل طلب کی گئی ہے۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ شوگر مالکان سے ان ہاؤس میٹنگ سے متعلقہ ریکارڈ بھی مانگا گیا ہے، تین سالوں میں سبسڈی کیلئے حکومت کو دی جانے والی تجاویزی رپورٹ بھی طلب کرلی گئی ہے۔