طویل مدت بعد تمغۂ حسن کارکردگی حقدار لوگوں کو دیا گیا : خلیل الرحمان قمر

March 24, 2021

معروف ڈرامہ نویس خلیل الرحمان قمر کا کہنا ہے کہ طویل مدت بعد تمغۂ حسن کارکردگی حقدار لوگوں کو دیا گیا ہے۔

خلیل الرحمان قمر نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر اداکار ہمایوں سعید کو تمغے سے نوازے جانے پر مبارکباد دی اور ساتھ ہی کہا کہ میں دیکھ رہا ہوں کہ مدت بعد حقدار لوگوں کو تمغوں سے نوازا گیا ہے۔

انہوں نے ہمایوں سعید کیلئے لکھا کہ آپ کا شمار بھی ان چند افراد میں ہوتا ہے جو اس تمغے کے حصول کے حقیقی حقدار تھے۔

خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ میں تہہ دل سے آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ایسے ہی کام کرتے رہیں اور ملک کا نام روشن کرتے رہیں۔

یاد رہے کہ ملک کی 22 شخصیات کو تمغۂ شجاعت اور 33 کو ستارہ شجاعت سے نوازا گیا۔

تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کے دوران نمایاں خدمات پر 8 شخصیات کو ستارہ امتیاز اور 22 کو صدارتی اعزاز برائے حُسن کارکردگی سے نوازا گیا۔

فن کے شعبے میں نمایاں کارکردگی پر بشریٰ انصاری، سلطانہ صدیقی اور فاروق قیصر کو نشان امتیاز دیا گیا، اداکارہ زیبا شہناز اور عابدہ پروین کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔