بھارتی اداکار اعجاز خان منشیات کیس میں گرفتار

March 31, 2021

بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 7 کے کنٹسنٹنٹ اور اداکار اعجاز خان کو منشیات کیس میں گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ممبئی ایئرپورٹ سےنارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی ٹیم نے اداکار اعجاز خان کے منشیات کیس میں حراست میں لیا تھا۔

منشیات کیس کے معاملے میں این سی بی کی جانب سے اعجاز خان کی 8 گھنٹے تک تفتیش کی گئی جس کے بعد آج اُنہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایجنسی نے بتایا کہ تلاشی کے دوران اعجاز خان کی رہائش گاہ سے الپرازولم کی گولیاں برآمد ہوئی تھیں۔

این سی بی آفس جانے سے قبل اعجاز خان نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کا دعویٰ کیا تھا کہ اُنہیں حراست میں نہیں لیا گیا ہے بلکہ وہ خود این سی بی ٹیم سے ملنے آئے ہیں تاہم کچھ دیر کے بعد اداکار کو گرفتار کرلیا گیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبلممبئی پولیس کے سائبر پولیس اسٹیشن نے مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ’ٹِک ٹاک‘ پر متنازع ویڈیو میں ممبئی پولیس کا مذاق اڑانے پر اعجاز خان کو گرفتار کیا تھا۔

متعدد ہندی اور تلگو فلموں میں کام کرنے والے اعجاز خان کو سب سے پہلے عوام کی توجہ اس وقت ملی جب انہوں نے بھارتی رئیلٹی شو بگ باس کے 7ویں سیزن میں بطورِ کنٹسٹنٹ حصہ لیا تھا۔