پنجاب حکومت نے چینی کی پرچون قیمت 85 روپے کلو مقرر کردی، نوٹیفکیشن جاری

April 03, 2021


لاہور(ٹی وی رپورٹ/نیوز ایجنسیز)پنجاب حکومت نے صوبے میں چینی کی پرچون قیمت مقرر کردی۔نوٹیفکیشن کے مطابق دکانوں پر ایک کلو چینی 85 روپے سے زیادہ میں فروخت نہیں کی جائے گی جبکہ چینی کی ایکس مل قیمت 80 روپے کلو سے زیادہ نہیں ہوگی۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق مارکیٹ میں اس وقت ایک کلو چینی کی ایکس مل قیمت 95 اور ایک کلو چینی کی ریٹیل قیمت 100 روپے ہے ۔محکمہ صنعت کی جانب سے پنجاب کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے نام جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حالیہ سیزن میں چینی کی پیداواری لاگت کے حوالے سے وفاقی حکومت سے رہنمائی حاصل کی گئی ہے ۔ مارکیٹ میں اس وقت ایکس مل قیمت 95 روپے تک ہے جبکہ ریٹیل قیمت 100 کے قریب ہے جو کسی بھی طرح جائز نہیں۔ٹرانسپورٹیشن چارجز ، منافع کے مارجن کے ساتھ چینی کی ایکس مل قیمت 80روپے فی کلو ( بشمول ٹیکسز) نوٹیفکیشن کیا گیا ہے جبکہ ریٹیل قیمت 85روپے فی کلو سے زیادہ نہیں ہو گی ۔کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر کو ہدایات جاری کی گئی ہیں وہ اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیزکو فوری آگاہ کریں۔