پیپلز پارٹی سے حکومتی ارکان کا ووٹ حاصل کرنے پر جواب مانگا ہے، شاہد خاقان

April 05, 2021

حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سیکریٹری جنرل شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اےاین پی کو شوکاز نوٹسز جاری کرنے کا مقصد پیپلزپارٹی سے جواب مانگنا ہے کہ آپ نے حکومتی ارکان کا ووٹ کیوں حاصل کیا۔

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر پی ڈی ایم میں تقسیم نظر آنے لگی، سینیٹ اجلاس سے پہلے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے کمرہ میں آزاد اپوزیشن کی جماعتوں کا مسلم لیگ نون کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت اجلاس ہوا ۔

اجلاس میں مسلم لیگ نون، جے یو آئی، پی کے میپ، نیشنل پارٹی اور بی این پی مینگل کے سینیٹرز شریک ہوئے، سینیٹ میں آزاد اپوزیشن کے اجلاس میں شاہد خاقان عباسی، مولانا عبدالغفور حیدری، طاہر بزنجو کے علاوہ مصدق ملک، کامران مرتضی، مولانا عطاالرحمٰن سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور اے این پی کو شوکازنوٹس جاری کردیے گئے ہیں اورجواب مانگا ہے کہ آپ نے حکومتی جماعت سے ووٹ کیوں حاصل کیے۔