بھارت میں کورونا وائرس کی تیسری لہر، گجرات ، پنجاب میں رات کا کرفیو

April 07, 2021

بھارت میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے، گجرات اور پنجاب میں بھی رات کا کرفیو نافذ، مہاراشٹر میں کورونا ویکسین کم پڑنے پر کچھ ویکسی نیشن سینٹر بند کردیئے گئے۔

بھارت میں دوسری مرتبہ ایک لاکھ سے زائد کورونا کیسز سامنے آنے پر گجرات کے 20 شہروں اور پنجاب بھر میں آج سے رات کا کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

مہاراشٹر سمیت 8 ریاستوں میں80 فیصد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

وزارت صحت کے مطابق حالیہ لہرسے15 سے 44 سال کے عمر کے افراد زیادہ متاثر ہوئے ہیں جبکہ کورونا سے زیادہ تر اموات 60 سال سے زائد عمر کے افراد کی ہوئی ہیں۔

دہلی ہائی کورٹ نے اپنے ایک حکم میں کہا ہے کہ نجی کاروں میں تنہا سفر کرنے والوں کو بھی ماسک لازمی لگانا ہوگا۔

واضح رہے کہ دنیا کا کوئی خطہ کورونا وائرس کی موذی وباء سے محفوظ نہیں، اس کے مریضوں اور اموات میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔

دنیا بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 لاکھ سے زائد کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 13 ہزار سے زائد افراد موت کے منہ میں پہنچ گئے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 کروڑ 30 لاکھ 60 ہزار 565 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 28 لاکھ 87 ہزار 247 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 2 کروڑ 28 لاکھ 60 ہزار 228 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 99 ہزار 603 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 10 کروڑ 73 لاکھ 13 ہزار 90 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔