ایسٹرا زینیکا ویکسین سے خون میں پھٹکیاں بننے کا عمل غیر مصدقہ ہے، عالمی ادارہ صحت

April 08, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک)عالمی ادارۂ صحت کے ماہرین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین ’’ایسٹرا زینیکا‘‘ لگوانے کا خون میں پھٹکیاں (Clots) بننے سے تعلق نظر آتا ہے لیکن یہ غیر مصدقہ ہے۔ انہوں نے اصرار کیا کہ ایسے واقعات بہت ہی کم تعداد میں نظر آ رہے ہیں۔ عالمی ادارۂ صحت کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب یورپی یونین میں دوائوں کے نگران ادارے ای ایم اے کی جانب سے یہ بیان سامنے آیا کہ ایسٹرا زینیکا ویکسین کے سائیڈ افیکٹس میں خون میں پھٹکیاں بننے کا عمل ہوتا ہے لیکن یہ واقعات انتہائی معمولی تعداد میں پیش آئے ہیں لہٰذا یہ ویکسین محفوظ ہے اور اس کے فوائد کی تعداد سائیڈ افیکٹس کی تعداد کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔ بدھ کو عالمی ادارے کی گلوبل ایڈوائزری کمیٹی نے ویکسین کے محفوظ ہونے پر بیان جاری کیا اور بتایا کہ موجودہ معلومات کا جائزہ لینے سے پتہ چلتا ہے کہ ویکسین اور پھٹکیاں بننے کے درمیان تعلق ہو سکتا ہے لیکن تاحال اس کی تصدیق نہیں ہوئی۔