گلستان جوہر، مبینہ طور پر زہریلی چیز کھانے سے تین کمسن بچے جاں بحق

April 11, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گلستان جوہر میں مبینہ طور پر زہریلی چیز کھانے سے تین کمسن بچے جاں بحق ہوگئے ، بچوں کی موت کی خبر سن کر ماں کی حالت بھی خراب ہوگئی ۔

تفصیلات کے مطابق شاہراہ فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر بلاک 19 میں واقع راؤف رائل سٹی کے فلیٹ میں رہائش پزیر خاتون نورین زوجہ محمد عمران گھر سے چیختی چلاتی باپر نکلیں کہ انکی بیٹی کی طبعیت خراب ہے ۔

جس پر اہل محلہ جب انکے فلیٹ میں گئے تو گھر کے اندر کے کیمیکل اسپرے کی بو آرہی تھی اور خاتون کے دیگر دو بچے بھی بستر پر پڑے ہوئے تھے ،تینوں بچوں کو ماں کے ہمراہ گلشن اقبال میں واقع پٹیل اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے تینوں بچوں کی موت کی تصدیق کر دی،بچوں کی موت کی خبر سن کر خاتون کی حالت غیر ہوگئی اور وہ بے ہوش ہوگئیں۔

ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں میں 8 سالہ زیدان ، 6 سالہ ارشان اور 3 سالہ بچی ایشال شامل ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ خاتون نے گھر میں کھٹمل مارنے والا اسپرے کیا تھا اور ممکنہ طور پر وہ وہاں موجود کھانے پر بھی اسکے اثرات گئے ،بچوں نے جب کھانا کھایا تو اس سے بچوں کی حالت غیر ہوئی۔

پولیس نے گھر میں موجود چیزوں کے نمونے حاصل کر لئیے ہیں،اہل محلہ نے بتایا کہ خاتون کے شوہر لاہور میں رہائش پزیر ہیں اور خاتون شوہر سے علیحدہ ہو کر کراچی آگئی تھیں اور مزکورہ اپارٹمنٹ میں رہائش پزیر تھیں۔

اپارٹمنٹ میں خاتون کی بہن بھی رہائش پزیر ہیں ۔

بچوں کے والد کے رشتے داروں کی جانب سے واقعہ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسکی تفتیش کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے جبکہ خاتون کے گھر والوں کی جانب سے اصرار کیا جارہا ہے کہ بچوں کا پوسٹ مارٹم نہ کیا جائے ۔

پولیس نے گھر میں موجود چیزوں کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کی چیزوں کے بھی نمونے حاصل کرلیے ہیں اور واقعہ کی مزید تفتیش کی جاری ہے ۔