کرنل شجاع خانزادہ پر حملہ میں ملوث دہشتگرد ہلاک، 3 فرار

April 11, 2021

راولپنڈی (نمائندہ جنگ)کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی اوردہشتگردوں میں فائرنگ کے تبادلہ میں ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہوگئے ، ہلاک دہشتگرد کرنل شجاع خانزادہ حملہ سمیت پولیس اورحساس ادارے کے اہلکاروں کے قتل میں ملوث بتایاجاتاہے،سی ٹی ڈی کی خفیہ اطلاع پر بروقت کارروائی ، حساس ایجنسی کے دفتر پر حملہ ناکام بنادیا ،ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی راولپنڈی کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ تحریک طالبان پاکستان کے 2 بدنام زمانہ دہشت گرد قاری سہیل اور نیاز اپنے 2 نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ اٹک کے علاقہ میں موجود ہیں اور ایک حساس ایجنسی کے عملے اور دفاتر پر حملہ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں ،اس مقصد کے لئے وہ اٹک سے راولپنڈی کی جانب 2 موٹرسائیکلوں پر آنے کی تیاری کر رہے ہیں ،اس پرسی ٹی ڈی کی ٹیم نے ہفتہ کی رات 9 بجکر 15 منٹ پر تھانہ صدربیرونی کے علاقہ ماری روڈ پرانہیں جالیا اور دہشتگردوں کو ہتھیار ڈالنے کو کہا گیا ، تاہم پولیس ٹیم کو دیکھ کر دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی اور ان پر دستی بم پھینکے، سی ٹی ڈی نے اپنے دفاع میں جوابی فائرنگ کی اس دوران ایک دہشتگرد اپنے ساتھی ملزمان کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ 3 دہشتگرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے،ہلاک دہشتگرد کی شناخت نیاز عرف ذیشان کے نام سے کی گئی جس کاتعلق اٹک کے علاقہ حضرو سے ہے جو کرنل شجاع خانزادہ حملہ سمیت پولیس اورحساس ادارے کے اہلکاروں کے قتل میں ملوث بتایاجاتاہے، جبکہ اس سے 2 پستول اور رائونڈ برآمدہوئے،فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں ۔