عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر چین کو کلین چٹ، امریکا سمیت 14 ممالک کے تحفظات

April 12, 2021

جنیوا ( نیوز ڈیسک) عالمی ادارہ صحت کے ماہرین نے کورونا وائرس کے معاملے میں چینی کردار کو شفاف قرار دیدیا، جس پر امریکا سمیت 14 ممالک نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ عالمی ادارے کی ٹیم نے چینی سائنسدانوں کے ساتھ جاری کی گئی مشترکہ رپورٹ میں کہا کہ وائرس کے آغاز سے متعلق تحقیقات ابھی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچی۔ خبررساں اداروں کے مطابق ماہرین کی ٹیم 28 روز چین کے شہر ووہان میں گزارے، جہاں وائرس کی پہلی بار تصدیق ہوئی تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ووہان کی لیبارٹری میں مناسب حفاظتی اقدامات ہونے کے باعث وہاں سے وائرس باہر ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ ٹیم کے سربراہ پیٹر بین ایمباریک نے کہا کہ کام ابھی جاری ہے اور اس پہلو پر مزید جائزہ لیا جائے گا۔ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم گبریسس نے کہا کہ چین کی جانب سے تعاون ناکافی تھا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی مستقبل کے مشترکہ جائزوں میں معلومات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ دوسری جانب امریکااور دیگر 13ممالک نے ڈبلیو ایچ اوکی حالیہ رپورٹ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان جاری کیا،جس پر آسٹریلیا، برطانیہ، کینیڈا، ڈنمارک، جاپان، اسرائیل، اسٹونیا، چیک ری پبلک، لٹیویا، ناروے، جنوبی کوریا، سلووینیا اور لتھونیا کے حکام کے دستخط بھی موجود ہیں۔ مشترکہ بیان میں ڈبلیو ایچ او کی حالیہ رپورٹ پر کئی سوالات اٹھائے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کی ابتدا کے بارے میں عالمی ماہرین کی رائے بہت تاخیر سے سامنے آئی، جب کہ ماہرین کو تحقیقات کے لیے ملنے والی مکمل رسائی، اصل ڈیٹا اور نمونے بھی جانچ طلب ہیں۔ان ممالک نے مکمل تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔