ٹیکسوں میں اضافے کیخلاف گڈز ٹرانسپورٹرز کا احتجاجی مظاہرہ

April 12, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) روٹ پرمٹ، پاسنگ اور ٹوکن ٹیکس فیسز میں اضافہ کے خلاف منی گڈز ٹرانسپورٹ فیڈریشن جنوبی پنجاب کی علامتی ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کی کال پر جنوبی پنجاب بھر کی طرح آل ملتان مزدہ منی گڈز اونرز ایسوسی ایشن ملتان کے زیر اہتمام وہاڑی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے کی قیادت چیئرمین ارشد خان ،سینئر نائب صدر ملک ذوالفقار علی بھٹہ ،سیکرٹری جنرل دلدار حسین بلوچ نے کی جبکہ مرکزی چیئرمین نیشنل تاجر اتحاد پاکستان میاں امتیاز احمد شیخ نے اظہار یکجہتی کے طور پر خصوصی شرکت کی۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں عہدیداران نے کہا کہ فیسوں میں اضافہ غریب ٹرانسپورٹرز کی کمر میں چھرا گھونپنے اور اس شعبہ سے وابستہ ہزاروں افراد کو بے روزگار کرنے کی سازش ہے،انہوں نے کہا کہ فیسوں میں اضافے کے خلاف یہ احتجاج تین یوم جنوبی پنجاب بھر کے اضلاع میں ضلعی صدور کی قیادت میں جاری رہے گا۔ احتجاجی مظاہرے میں آل ملتان مزدہ منی گڈز اونرز ایسوسی ایشن ملتان کے صدر ملک بشیر آرائیں سینئر نائب صدر رانا ریاض احمد، راؤ حامد، عبدالشکور، عاصم خان،قاسم خان، ناظم خان، عون شاہ،پرویز شاہ،سلیم خان، ملک اسحاق، قاری سرفراز، شیخ سعید، اعجاز حسین، محمد حسین، شہزاد نواب، سلیم خان.جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ یونین کے ملک رضوان بھٹی و دیگر نے شرکت کی۔ یاد رہے کہ آج بروز پیر احتجاجی مظاہرہ چوک کمہاران والا پر کیا جائے گا۔