سیاست میں نہ آخری دوست ہوتا ہے نہ دشمن، خورشید شاہ

April 12, 2021

پاکستان پیپلزپارٹی کے اسیر رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ سیاست میں نہ آخری دوست ہوتا ہے نہ دشمن، وقت فیصلے کرتا ہے، پیپلز پارٹی نے وقت پر فیصلہ کیا ہے۔

سکھر کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے اسیر رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ پی پی نے لاکھوں لوگوں کو روزگار اور نوکریاں دیں، سیاستدانوں کو بیٹھ کر غریبوں کی تباہی اور بیروزگاری کے بارے میں سوچنا چاہئے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی دور میں 6 ہزار ارب اور آج ڈھائی سالہ حکومت میں 13 ہزار ارب کا قرضہ بڑھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینٹرز کھل گئے ہیں لیکن کسان گندم دینے کو تیار نہیں ہیں، پیپلزپارٹی سندھ کے لوگوں کے حقوق کی حفاظت کرے گی۔

پی پی رہنما نے کہا کہ پیپلزپارٹی بیٹھی ہے، سندھ کے عوام سوجائیں۔

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں پی ڈی ایم کے سیکرٹری جنرل شاہد خاقان عباسی کا بھیجا گیا شوکاز نوٹس پڑھ کر سنایا اورجذباتی ہوگئے اس کے بعد انہوں نے شوکاز نوٹس کوپھاڑ کر پھینک دیا، جس پر شرکاء کی جانب سے تالیاں بجائی گئیں،بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاست عزت کیلئے کرتے ہیں۔