ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ورکرز کا تنخواہوں کیلئے مظاہرہ، کام چھوڑ ہڑتال

April 14, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں تھرڈ پارٹی کے ذریعے رکھے جانے والے 300 سینٹری ورکرز دو ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں ، متاثرہ سینٹری ورکرز نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹھیکیدار و کمپنی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی، ملازمین کا کہنا تھا کہ دو ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے سے ملازمین کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ چکی ہے متاثرہ سینٹری ورکرز نے دو ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر کام چھوڑ ہڑتال کی اور کمپنی ہیڈ آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا - اس موقع پر ٹھیکہ دار اور کمپنی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے لگائے گئے - مظاہرین کا کہنا تھا دو ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے سے وہ شدید معاشی مشکلات سے دوچار ہیں ، کمپنی انتظامیہ ان کی تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرے ورنہ وہ شہر بھر میں صفائی آپریشن روک دیں گے اور تمام تر حالات کی ذمہ دار ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی انتظامیہ ہو گی - دوسری جانب ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی انتظامیہ کی جانب سے تمام ملازمین کو جلد تنخواہیں کی ادائیگی کی یقین دہانی کروائی گئی ہے -