صوبے میں صنعتی ترقی کا تہیہ کررکھاہے، زاہد شاہ

April 14, 2021

پشاور(نیوز ڈیسک)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ اینڈسٹری نائب صدر محمد زاہدشاہ ،خیبرپختونخوا کے کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان ، سٹیٹ بنک اسسٹنٹ منیجر عبداللہ آفریدی نے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے آسان شرائط پر بزنس کمیونٹی کوقرضے فراہم کرنے کے لئے صوابی چیمبرزآف کامرس گدون انڈسٹریل اسٹیٹ میں سیمینار منعقد کی جس میں صوابی چیمبر صدر شیرازاکرم باچا، گدون انڈسٹریل ایسوسی ایشن صدر فضل الرحیم اور گدون بزنس فیسلٹینش سنٹر منیجر فیصل حیات سمیت کثیر تعداد میں بزنس کمیونٹی نے شرکت کی۔ اجلاس میں سٹیٹ بنک حکام کو نیشنل بنک صوابی کی جانب سے صوابی چیمبرز کے اکائوئنٹ میں تاخیر ی ہربوں سے آگاہ کرتے ہوئے شکایات کے انبار لگا دی۔ اس موقع پر بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر محمد زاہدشاہ اور کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان نے کہاکہ فیڈریشن آ ف پاکستان خیبرپختونخوا کے بزنس کمیونٹی کے مشکلات اور مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کررہی ہے اور بزنس کمیونٹی کو سٹیٹ بنک کی وساطت سے نجی کمرشل بنکوں سے آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کے لئے جدوجہد شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبے اور بالخصوص گدون انڈسٹریل اسٹیٹ میںایس ایم ایز کی ڈیولپمنٹ کے لئے آسان شرائط اور کم مارک اپ پرنجی کمرشل بنکوں سے قرض کا حصول یقینی بناکر صوبے میں صنعتی ترقی کا تہیہ کررکھاہے۔ انہوں نے کہاکہ صوابی چیمبرز اور گدون انڈسٹری اسٹیٹ کے تمام مسائل ومشکلات ختم کرینگے اور فیڈریشن آ ف پاکستان بزنس کمیونٹی کے لئے ہمہ وقت جدوجہد کے نتیجے میں صوبے کے ہرضلع میںاکنامک زون بن رہے ہیں ۔