سید علی گیلانی کی اپیل پر آج برطانیہ میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا

April 16, 2021

برمنگھم(پ ر) کنٹرول لائن پر جنگ بندی کے بعد بھی بھارتی فوجی درندگی اور دہشت گردی جارہی ہے، مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف تحریک کشمیر برطانیہ نے قائد حریت کشمیر سید علی گیلانی کی اپیل پر آج برطانیہ بھر میں یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا ہے۔ برمنگھم میں بھارتی قونصلیٹ کو یادداشت دی جائے گی اور برطانیہ بھر کی مساجد میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔ کشمیر کی آزادی کے دعائیں کی جائیں گی اور بھارتی ظلم کے خلاف شدید احتجاج اور مذمت کی جائے گی۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، جنرل سکریٹری حافظ آزاد چوہدری نے علمائے کرام، آئمہ مساجد سے اپیل کی ہے کہ جمعہ کے خطبات میں کشمیری عوام پر ڈھائے جانے مظالم کو اجاگر کیا جائے جنگ بندی معاہدوں کی خلاف ورزیوں پر بھارت کا اصل روپ دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا، کہ بھارت کسی بھی معاہدے اور وعدے کی پابندی نہیں کرتا، مودی کے ناپاک عزائم دنیا کے امن کے لیے شدید خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا بھارت نے ہر روز کشمیریوں کا قتل عام شروع کر رکھا ہے، اس پر دنیا کی خاموشی سے بھارتی دہشتگردی کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے، کشمیری عوام بھارت کے مظالم کے باجود دس لاکھ بھارتی درندہ صفت فوج کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں اور جدوجہد کو جاری رکھا ہوا ہے ۔