چیف جسٹس کے بنچ میں کورونا متاثرہ وکیل کی پیشی پر کھلبلی مچ گئی

April 17, 2021

چیف جسٹس کے بنچ میں کورونا متاثرہ وکیل کی پیشی پر کھلبلی مچ گئی

اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ کے چیف جسٹس،جسٹس گلزاراحمد کے بینچ میں کورونا کے شکار وکیل کی پیشی پر عدالت میں کھلبلی مچ گئی۔

چیف جسٹس نے استفسارکیا کہ آپ کی سماعت ملتوی کی درخواست آئی تھی، جس پروکیل خالد محمود نے کہا کہ مجھے کورونا ہوا ہے پھر بھی آگیا ہوں۔چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کواس طرح عدالت نہیں آنا چاہیے تھا۔

عدالت کے حکم پروکیل خالد محمود کورٹ روم سے باہرنکل گئے۔ جس کے بعد چیف جسٹس نے عدالتی عملے سے استفسارکیا کہ فائل کون اٹھا کرلایا جس پرعملے نے کہا کہ فائل اٹھانے والا بارکا ملازم ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ملازم کومعلوم ہے وکیل کوکورونا ہوا ہے پھرفائل نہیں اٹھانا چاہئے تھی۔ وکیل کے جانے کے بعد عدالتی روسٹرم اور فائلوں میں اسپرے کیا گیا۔