آج اور کل بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند، انٹر سٹی چلتی رہے گی

April 17, 2021

راولپنڈی، اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے، خصوصی نامہ نگار)کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت کے باعث آج اور کل بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کو بند کر دیاگیا، انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بند نہیں ہوگی۔سیکرٹری آر ٹی اے راشد علی نے بتایا کہ جمعہ رات بارہ بجے سے تمام بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کے بس اسٹینڈز کو بند کردیا گیا،پابندی اتوار کی رات بارہ بجے تک جاری رہے گی۔کوئی بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پنجاب میں داخل ہو سکے گی اور نہ باہر جا سکےگی۔مال بردار گاڑیاں،ایمرجنسی اور ایمبولینسس پابندی سے مستثنی ہوں گی۔تمام بس اڈوں پر بینرز آویزاں کردئیے گئے ہیں۔پنجاب میں انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بند نہیں ہوگی اوران کو ٹرانسپورٹ اڈوں سے چلنے کی اجازت ہوگی۔ادھربین الاضلاعی روٹوں پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کی اسلام آباد میں بھی 48 گھنٹوں تک آمد ورفت بند کر دی گئی ہے ،جمعہ کی رات گئے 12 بجے اسلام آباد سے گا ڑیوں کے آنے اور جانے پر پابندی لگادی گئی ،جو اتوار کی رات 12 بجے تک جاری رہے گی۔